31 اگست ، 2022
چھٹے ورلڈ کارپوریٹ گالف چیلنج پاکستان کے ساؤتھ ریجن میں احمد نعمان اور ملک مرتضیٰ نے کامیابی حاصل کرلی، ایک اسٹروک کے فرق سے سید شجاعت علی اور عمران حیدر دوسرے نمبر پر رہے، ایونٹ میں 100 سے زائد گالفرز نے حصہ لیا۔
کراچی گالف کورس میں 100 سے زائد کارپوریٹ گالفرز شریک ہوئےجنھیں 52 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
ٹیموں نے اسٹروک پلے فارمیٹ پر مقابلہ کیا، ایونٹ کا پہلا مرحلہ زبردست رہا، 18 ہولز پر مشتمل مقابلوں میں احمد نعمان اور ملک مرتضیٰ کی ٹیم 143 نیٹ اسکور کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی۔
ایک اسٹروک کے فرق سے سید شجاعت علی اور عمران حیدر کی ٹیم دوسرے نمبر پر آئی جبکہ تیسری پوزیشن عبدالرحمان اور عرفان راشد کی ٹیم کی رہی۔
ہاشو گروپ کے سی ای او حسیب اے گردیزی مہمان خصوصی تھے جنھوں نے کامیاب گالفرز میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر ورلڈ کارپوریٹ گالف چیلنج پاکستان کے ڈائریکٹر محمد عمر کھوکھر کا کہنا تھا کہ کارپوریٹ گالفرز کا دوسرا مرحلہ اسلام آباد اور تیسرا مرحلہ لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے بعد ہونے والے نیشنل فائنل کی فاتح ٹیم اسپین میں ورلڈ کارپوریٹ چیلنج فائنل میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔