05 ستمبر ، 2022
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ آڈیو لیک کے معاملے پر شوکت ترین کے خلاف مقدمے کے لیے قانونی ٹیم کام کر رہی ہے۔
ننکانہ صاحب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مرضی سے آئی ایم ایف کو خط لکھا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شوکت ترین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے ہماری قانونی ٹیم کام کر رہی ہے۔
مہنگائی سے متعلق سوال پر رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ مہنگائی کو روکنا صوبائی حکومتوں کا کام ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ پورا ملک سیلاب میں ڈوب رہا ہے لیکن عمران نیازی جلسوں میں مصروف ہے، عمران نیازی نے 4 سالہ دورِ حکومت میں کوئی گیس کا معاہدہ نہیں کیا، ہمیں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمات حکومت نے ختم نہیں کرنے بلکہ نواز شریف عدالتوں سے سرخ رو ہوں گے، پارٹی میں اختلافات کی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔