05 ستمبر ، 2022
کراچی کے ضلع کیماڑی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں مدینہ کالونی تھانےکی سیڑھیوں سے گر کر سابق ایس ایچ او جاں بحق ہوگیا۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس بلدیہ کیپٹن ریٹائرڈ فیضان احمد کے مطابق 56 سالہ پولیس انسپکٹر شفیق شاہ بلدیہ ٹاؤن کے مدینہ کالونی تھانے کے شعبہ انویسٹیگیشن میں تعینات تھے۔
کیپٹن ریٹائرڈ فیضان احمد کے مطابق متوفی انسپکٹر شفیق شاہ تھانے سے متصل پولیس کواٹرز میں ہی رہائش پذیر تھے جنہیں دو سال قبل فالج کا اٹیک ہوا تھا جس سے وہ مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے تھے۔
ایس پی بلدیہ کے مطابق پیر کی شام شفیق شاہ تھانے کی سیڑھیوں سے اتر رہے تھے کہ توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گرگئے، جس سے موقع پر ہی ان کی موت واقع ہوگئی۔
فیضان احمد کے مطابق بعد ازاں پولیس افسر کی لاش سول اسپتال پہنچائی گئی، متوفی کشمیر سے تعلق رکھتے تھے اور اس سے قبل ایک تھانے میں ایس ایچ او کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکے تھے۔