Time 07 ستمبر ، 2022
پاکستان

فضائی دورے میں دیکھا سندھ سمندر کا منظر پیش کر رہا ہے: اماراتی سفیر

متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر ‎حماد بن عبید الزابی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے اس قدر تباہی ہوئی ہے کہ سندھ کے فضائی دورے کے دوران انہوں نے دیکھا کہ سیلاب سمندر کا منظر پیش کر رہا تھا۔

وہ کراچی میں سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرر ہے تھے۔

قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی اور سیکرٹری جنرل یو اے ای ریڈ کریسنٹ حنود الجنیبی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 

حماد بن عبید الزابی نے بتایا کہ انہوں نے ٹیم کے ہمراہ دو روز میں سندھ کے مختلف شہروں کا دورہ کیا۔ بلوچستان کے حالات بھی کچھ اچھے نہیں۔ سیلاب کی تباہ کاریوں پر دلی افسوس ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہے۔ روز اول سے عرب امارات اور ریڈ کراس پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عرب امارات کی جانب سے امدادی سامان کی ایک اور بڑی کھیپ کل کراچی پہنچ رہی ہے۔ پہلی قسط میں 17 کنٹینرز ہیں جن میں ایک لاکھ 30 ہزار خوراک کے پیکٹ شامل ہیں۔

سفیر نے بتایا کہ 10 ستمبر کو عرب امارات کی ریاستوں ابوظبی، دبئی اور شارجہ میں فنڈز جمع کرنے کی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ ہم متاثرین کی ہر حوالے سے امداد کیلئے پر عزم ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر ‎حماد بن عبید الزابی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان، پاک افواج اور این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر انتہائی دشواریوں کے باوجود متاثرین تک پہنچ رہے ہیں، متاثرین کی بحالی کیلئے متعلقہ حکام سے رابطے ہیں۔ 

قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرین کی امداد کیلئے ہر ممکن طریقے استعمال کر رہے ہیں، فضائی راستے سے ان کے ہوائی جہاز مسلسل امداد لے کر آ رہے ہیں، بحری راستے سے بھی کنٹینرز پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی مارکیٹوں سے بھی ہر ممکن امداد متاثرین تک پہنچائی جا رہی ہے۔ قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے سیلاب زدگان کیلئے بھی ان کی کوششیں جاری ہیں۔

مزید خبریں :