13 ستمبر ، 2022
خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3جوان شہید ہوگئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کی گئی، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشتگردوں کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔
شہید جوانوں میں نائیک محمد رحمان، نائیک معویز خان اور سپاہی عرفان اللہ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشتگردوں کی جانب سے افغان سر زمین استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے، پاکستان توقع کرتا ہے افغان حکومت مستقبل میں ایسی کارروائیوں کی اجازت نہیں دےگی، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت سےملکی سرحدوں کے دفاع کا عزم کیے ہوئے ہے۔