Time 27 ستمبر ، 2022
پاکستان

مریم نواز کے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں، نیب کا لاہور ہائیکورٹ میں جواب

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سےلاہور ہائی کورٹ میں جواب جمع کرایا گیا ہےکہ اسے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں، جس کے بعد نائب صدر ن لیگ کو پاسپورٹ واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کے پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت کی۔

نیب کی جانب سے 2 صفحات پر مشتمل جواب عدالت میں جمع کرایا گیا، جواب میں کہا گیا کہ مریم نواز کی درخواست میں مؤقف بنیادی حقوق کے نفاذ کا ہے، سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ فوجداری مقدمہ درج ہونے سے کسی کو آئینی حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، ان حقائق کی روشنی میں نیب کو مریم نواز کے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے معاون نے عدالت کو بتایا کہ امجد پرویز دوسری عدالت میں ہیں، تھوڑا سا انتظار کر لیا جائے، چیف جسٹس امیر بھٹی نے ریمارکس دیے کہ سماعت کے لیے وقت مقرر تھا، امجد پرویز ایڈووکیٹ کو علم تھا، فل بینچ کے پاس یہ ایک ہی کیس تھا، امجد پرویز کو یہ بھی نہیں پتہ کہ کس عدالت کے پاس پیش ہونا ہے۔

عدالت نے 2 منٹ انتظار کے بعد کیس پر سماعت3 اکتوبر تک ملتوی کر دی، بینچ کے چیمبر میں جانے کے ایک منٹ بعد امجد پرویز کمرہ عدالت میں آگئے، انہوں نے عدالتی اسٹاف کو بتایا کہ انہیں 11بجے کا وقت بتایا گیا تھا تاہم عدالتی اسٹاف کا کہنا تھا کہ سماعت کے لیے ساڑھے 10 بجے کا وقت مقرر تھا۔

مزید خبریں :