30 ستمبر ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کو اپنی ذاتی سواری بنا لیا۔
پشاور میں خطاب کے لئے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش ہیلی کاپٹر میں عمران خان کو اسلام آباد لے کر آئے اور واپسی پر وزیراعلٰی محمود خان انکو سرکاری ہیلی کاپٹر میں اسلام آباد چھوڑ کر آئے۔
خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر عمران خان کی مستقل سواری بن چکا ہے، عمران خان کو پشاور لانے کی ذمہ داری اس بار وزیر اعلیٰ محمود خان کے بجائے صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے ادا کی۔
کامران بنگش سرکاری ہیلی کاپٹر میں عمران خان کو اسلام آباد سے پشاور لے کر آئے جہاں انہوں نے ایڈورڈ کالج میں طلبہ سے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر شبلی فراز اور مراد سعید بھی ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔
پشاور میں خطاب کے بعد عمران خان وزیراعلیٰ محمود خان کے ہمراہ سرکاری ہیلی کاپٹر میں اسلام آباد واپس گئے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری مصروفیات کی وجہ سے اسلام آباد گیا تھا اور واپسی پر عمران خان کو ہمراہ لے آیا۔
ان کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ محمود خان نے کچھ سرکاری مصروفیات کی وجہ سے اسلام آباد جانا تھا، اس لیے عمران خان ان کے ساتھ واپس گئے تاہم نئے قانون کے تحت صوبائی وزرا ہیلی کاپٹر استعمال کر سکتے ہیں۔