28 اکتوبر ، 2022
آسٹریلیا میں کووڈ کا شکار کرکٹرز کو کھیلنے کی اجازت ملنے پر دہرے معیار کو تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا کے شکار کرکٹرز میچ کے لیے دستیاب اور ٹینس اسٹار کو ویکسینیشن نہ لگوانے پر پابندی کا سامنا ہے ۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حیران کن امر ہے کہ میتھیو ویڈ انگلینڈ کے خلاف میچ میں آسٹریلیا کو دستیاب ہوں گے جب کہ ان کا بدھ کو کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہےکہ آسٹریلین اوپن کے لیے آنے والے ٹینس اسٹار جوکووچ کو حکومت ڈی پورٹ کر دیتی ہے کیونکہ ٹینس اسٹار نے کورونا ویکسینیشن نہیں لگوائی تھی اب سوال یہ ہے کہ کیا اس مرتبہ جوکووچ کو آسٹریلین اوپن کے لیے اجازت ہو گی۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہےکہ یہ پاگل پن ہے کہ جوکووچ پر پابندی ہے اور میتھیو ویڈ کو اجازت ہے،کووڈ قوانین میں حکومت کا غیر تسلسل پریشان کر دینے والا ہے۔
گزشتہ برس دسمبر میں ایشیز کے دوران پیٹ کمنز کو اس لیے ٹیسٹ مس کرنا پڑا تھا کہ وہ کووڈسے متاثرہ شخص کے پاس کھڑے تھے۔
ادھر کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم میں تہلیا میگرا کووڈ کے باوجود فائنل کھیل جاتی ہیں جس کے لیے آسٹریلوی حکومت کی کووڈ پالیسیوں پر حیرانگی کا اظہار کیا جا سکتا ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قوانین کووڈ سے متاثرہ کھلاڑی کو کھیلنے کی اجازت دیتے ہیں۔