08 نومبر ، 2022
بھارتی بولر روی چندر ایشون کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں زمبابوے کے خلاف ٹاس کے موقع کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔
زمبابوے اور بھارت کے درمیان اتوار کو ہونے والے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اسی دوران جب روہت بات کررہے تھے تو کیمرے میں پیچھے کھڑے ایشون کی حرکت ریکارڈ ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایشون اپنے کپڑوں کو سونگھ کر یہ جاننے کی کوشش کررہے تھے کہ آیا انہیں دھویا گیا ہے یا نہیں۔
روی چندر ایشون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس پر صارفین میمز بنارہے ہیں اور ساتھ ہی دلچسپ کمنٹس بھی کررہے ہیں۔
زیادہ تر صارفین نے اظہارِ خیال کیا کہ یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب کوئی انسان ہاسٹل میں رہتا ہو۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'جب آپ نے ایک ماہ سے اپنے کپڑے نا دھوئے ہوں اور اب آپ یہ جاننے کی کوشش کررہے ہوں کہ کپڑوں میں سے سب سے زیادہ اچھے کون سے ہیں؟'
ایک صارف نے کہا 'آپ سب اس بات کو تسلیم کریں کہ ہم سب نے زندگی میں ایک بار تو یہ ضرور کیا ہے'۔
اُجول دیول نامی مداح نے لکھا 'ایشون ہر لحاظ سے انجینئر ہیں، انجینئرنگ ہوسٹلز میں ایسا ہوتا ہے کہ چیک کیا جاتا ہے آپ کے کپڑے دُھلے ہوئے ہیں یا نہیں'۔
ایک اور شخص نے کہا کہ 'اگر ذرا سا بھی شک ہو تو آپ اپنی سونگھنے کی صلاحیتوں پر بھروسہ کریں'۔
خیال رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کا سیمی فائنل جمعرات کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔