14 نومبر ، 2022
ایک 11 سالہ بچے نے عظیم سائنسدانوں آئن اسٹائن اور اسٹیفن ہاکنگ کو آئی کیو ٹیسٹ میں شکست دے دی ہے۔
درحقیقت اس نے مینسا آئی کیو ٹیسٹ زیادہ سے زیادہ ممکنہ اسکور حاصل کیا ہے۔
11 سالہ یوسف شاہ نے مینسا آئی کیو ٹیسٹ میں 162 اسکور حاصل کیا۔
اسٹیفن ہاکنگ نے مینسا ٹیسٹ میں 160 اسکور حاصل کیا تھا اور آئن اسٹائن کبھی اس ٹیسٹ کا حصہ نہیں بنے مگر مانا جاتا ہے کہ ان کا اسکور بھی 160 ہوگا۔
برطانوی شہر لیڈز سے تعلق رکھنے والے یوسف شاہ کے مطابق اسکول کے دوست اسے کہتے تھے کہ وہ بہت ذہین ہے اور اسی وجہ سے اس نے آئی کیو ٹیسٹ کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔
یوسف شاہ کے مطابق 'میں ہمیشہ سے یہ جاننا چاہتا تھا کہ کیا میں اس ٹیسٹ میں سب سے زیادہ اسکور حاصل کرنے والے 2 فیصد افراد میں شامل ہوں یا نہیں'۔
چھٹی کلاس میں زیرتعلیم یوسف شاہ کو توقع ہے کہ وہ مستقبل میں کیمبرج یا آکسفورڈ میں ریاضی کی تعلیم حاصل کرے گا۔
تعلیم سے ہٹ کر یوسف شاہ کو ریوبیک کیوب سے کھیلنا یا دماغی گیمز پسند ہیں۔
یوسف کی والدہ ثنا نے بتایا کہ 'مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے، وہ مینسا ٹیسٹ کو مکمل کرنے والا خاندان کا پہلا فرد ہے، درحقیقت میں تو کچھ فکرمند تھی کہ ٹیسٹ سینٹر پر بڑوں کی جانب سے اسے تنگ کیا جاسکتا ہے مگر اس نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا'۔
یوسف کا 8 سالہ بھائی خالد بھی کچھ سال بعد مینسا ٹیسٹ کو مکمل کرنے کا خواہشمند ہے۔
یوسف کے والد عرفان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کی تیاری کافی مشکل تھی۔