اژدھے نے ایک مگرمچھ کو سالم نگل لیا

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایسا ہوا / فائل فوٹو
امریکی ریاست فلوریڈا میں ایسا ہوا / فائل فوٹو

کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ ایک اژدھا کسی مگرمچھ کو سالم نگل جائے ؟

مگر ایسا ہوا ہے اور سائنسدانوں کے ایک گروپ نے اسے دریافت کیا۔

امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے سائنسدان ایک مردہ اژدھے کے معدے سے غذا کے بارے میں جاننے کے لیے نمونے اکٹھے کررہے تھے۔

اس کے دوران انہوں نے اژدھے کے پیٹ سے 5 فٹ کے مگرمچھ کو دریافت کیا جسے سانپ نے سالم نگل لیا تھا۔

18 فٹ کے اژدھے کی غذائی نالی سے یہ مگرمچھ باہر نکالا گیا جس کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی۔

سائنسدانوں کی ٹیم میں شامل روزی مورے نے بتایا کہ ہم نے مگرمچھ کو معدے کے اندر موجود پایا اور پھر اژدھے کی جھلی کاٹ کر اسے باہر نکالا۔

اس اژدھے کو ایور گلیڈز نیشنل پارک کے عملے نے مارا تھا کیونکہ اسے وہاں کے جانوروں کے لیے خطرہ سمجھا جاتا ہے۔

اژدھے چھوٹے جانوروں کو غذا بناتے ہیں مگر موقع ملنے پر بڑے جانوروں جیسے ہرن اور مگرمچھوں کو بھی سالم نگل لیتے ہیں۔

یہ سانپ اپنے جبڑے کو اتنا بڑا کرلیتے ہیں کہ آسانی سے شکار کو نگل لیں۔

ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ اژدھے انسانوں کا شکار کریں مگر کبھی کبھار ایسا سننے میں آتا ہے۔

اکتوبر میں انڈونیشیا میں ایک 54 سالہ خاتون کو ایک اژدھے نے زندہ نگل لیا تھا جس کی لاش بعد میں سانپ کو مار کر نکالی گئی۔

مزید خبریں :