دنیا
Time 16 نومبر ، 2022

جیف بیزوس نے کساد بازاری سے بچنے کیلئے امریکی شہریوں کو کیا مشورہ دیا؟

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

اقوام متحدہ نے گزشتہ ماہ خبردار کیا  تھا کہ امیر ممالک کی جانب سے مہنگائی سے مقابلے کے لیے شرح سود میں اضافے اور کفایت شعاری کے منصوبوں سے عالمی کساد بازاری کا خطرہ بڑھ رہا ہے جس سے ترقی پذیر ممالک سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

تاہم کساد بازاری سے بچنے کے لیے دنیا بھر میں مشہور امریکا کی ای کامرس کمپنی ایمازون کے بانی جیف بیزوس نے امریکی شہریوں کو کچھ مشورے دیے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے جیف بیزوس نے امریکی شہریوں سے کہا کہ وہ نئی کاریں اور ٹی وی نہ خریدیں کیونکہ ملکی معیشت کو کساد بازاری کا سامنا ہے۔

انہوں نے کسادبازاری سے بچنے کے لیے امریکی شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ مہنگی چیزیں نہ خریدیں اور وہ پیسے اپنے برے وقت کے لیے سنبھال کر رکھیں۔

جیف بیزوس کا کہنا تھا کہ اندازہ نہیں لگایا جاسکتا کہ کساد بازاری کب تک رہے گی لیکن اگر یہ کافی دیر تک جاری رہی تو ملک کی معیشت بیٹھ جائے گی۔

یاد رہے کہ جیف بیزوس نے اپنی دولت کا زیادہ تر حصہ فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جیف بیزوس نے بتایا کہ وہ دولت کے بڑے حصے کو موسمیاتی بحران سے لڑنے اور انسانیت کو متحد کرنے والے افراد کی معاونت کے لیے وقف کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکا میں مہنگائی کے پریشان شہریوں نے ضروریات زندگی پوری کرنے کے لیے بڑی تعداد میں بینکوں سے  سود پر قرضے لینا شروع کردیے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ایمازون تقریباً 10 ہزار ملازمین کو برطرف کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ برطرفیاں ایمازون کے الیکسا جیسے آلات، ریٹیل اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں کی جائیں گی۔

 یہ ایمازون کی جانب سے ملازمتوں میں سب سے بڑی کٹوتی ہوگی۔

اس سےقبل ٹوئٹر نے بھی مزید ہزاروں ملازمین کو ملازمت سے نکال دیا ہے۔سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کے 4400 سے 5500 کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کردیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کرسمس سے پہلے اتنے بڑے پیمانے پر نوکریوں کے خاتمے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی معیشت کی سست رفتاری کی وجہ سے کامیاب کاروباری ادارے بھی دباؤ کا شکار ہیں۔  

مزید خبریں :