22 نومبر ، 2022
لاہور: انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان میں اپنا شیف ساتھ لانے کے معاملے پر پی سی بی حکام کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہےکہ بورڈ کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اسکواڈ کے ہمراہ شیف لانے کا بتادیا تھا، اس میں کچھ نیا نہیں، دنیا بھر میں ٹیموں کا اپنے ساتھ شیف لے کر جانا معمول کی بات ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہےکہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کوکھلاڑیوں کی طبیعت خرابی یا کھانوں پرشکایت کا نہیں بتایا جب کہ اس سے قبل آسٹریلین ٹیم بھی دورہ پاکستان پر اپنے ساتھ شیف لاچکی ہے اور شیف کا کام انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے لیے اسپیشل کھانے بنانا نہیں، شیف کا کام صرف ہوٹل کے باورچیوں کی معاونت ہے۔
ذرائع نے کہا کہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو وہی کھانا کھلائیں گے جو پاکستانی کھلاڑیوں کو دیاجائےگا۔