03 دسمبر ، 2022
لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماشہباز گل کے خلاف 2 ارب روپے ہرجانےکا دعوٰی کردیا۔
شاہد خاقان عباسی نے ایڈووکیٹ رانا اسد کے توسط سے لاہور کی مقامی عدالت میں ہرجانے کا دعوٰی دائر کیا ہے، دعوےکے متن میں کہا گیا ہےکہ شہبازگل نے 31 جولائی کو پریس کانفرنس میں بھارتی فرم سے رشوت کا الزام لگایا، شہبازگل نے رشوت کا الزام لگا کر اسکینڈلائز کرنےکی کوشش کی۔
دعوے میں کہا گیا کہ عمران خان کے اسٹاف افسر کہلوانے والے شہباز گل نے 14کروڑ روپےکی رشوت کاالزام لگایا، سائل کے پاس جھوٹے الزمات پر ہرجانے کا دعوٰی دائر کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں، ساکھ کونقصان پہنچانے پرشہبازگل سے200 کروڑ روپےکا ہرجانہ دلوایا جائے۔
شاہد خاقان کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج نے شہبازگل کو 19 دسمبر کے لیے نوٹس جاری کردیا، شاہد خاقان عباسی نے شہبازگل کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنےکی بھی استدعا کی ہے۔