29 دسمبر ، 2022
لاہور: پاکستان نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی کورونا اسکریننگ دوبارہ سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل ہیلتھ سروسز کے مطابق دوبارہ اسکریننگ سخت کرنے کا فیصلہ دنیا بھر میں کورونا وبا کے دوبارہ پھیلاؤ کے تناظر میں کیا گیا ہے جس کے لیے تمام ائیرپورٹس کو مراسلہ بھی بھجوا دیا گیا ہے۔
مراسلے میں جاری ہدایت نامے کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ دوبارہ سخت کی جائے اور تمام ائیرپورٹس پربیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی سخت نگرانی کی جائے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ائیرپورٹ ہیلتھ سروس کے عملے کی جانب سے مشتبہ بیمار فرد کا آر اے ٹی ٹیسٹ فوری کیا جائے اور ہر فلائٹ کے 2 فیصد مسافروں کی ہر صورت اسکریننگ کی جائے۔
مراسلے کے مطابق مسافر کی مزاحمت پر سول ایوی ایشن کا عملہ اور ائیرپورٹ سکیورٹی فورس معاونت کرے، تمام متعلقہ افراد کو ان احکامات پر فوری عملدرآمد کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔