09 جنوری ، 2023
ملک بھر میں آٹا بحران کیوں پیدا ہوا؟ جیو نیوز نے پتا لگا لیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں گندم کا وسیع اسٹاک ہونے کے باوجود آٹا بحران پیدا ہوا۔
ذرائع نیشنل فوڈ سکیورٹی کے مطابق ملک میں گندم کا 44 لاکھ 37 ہزار میٹرک ٹن اسٹاک موجود ہے، گندم کا موجودہ اسٹاک اپریل کےآخرتک کیلئے کافی ہے، 13لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گندم موجودہ اسٹاک کے علاوہ موجود ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے پاس 106دن کا 22 لاکھ 5 ہزار میٹرک ٹن اسٹاک ہے، سندھ کے پاس 98 دن کی 8 لاکھ 37 ہزار میٹرک ٹن گندم ہے۔
ذرائع کے مطابق کے پی کے پاس 152 دن کی 6 لاکھ 46 ہزار میٹرک ٹن گندم ہے، صوبےکی جانب سے ملز کو وعدوں کے باوجود کم گندم جاری کی جارہی ہے، سرکاری گندم کم جاری ہونے سے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھ گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ یومیہ 10 ہزار کی بجائے 8 ہزار میٹرک ٹن گندم فلار ملز کو دے رہا ہے، پنجاب سرکاری گندم 25 ہزارکی بجائے 20 ہزار میٹرک ٹن گندم ملز کو جاری کرتا رہا، بلوچستان ایک ہزارکی بجائے 350 میٹرک ٹن گندم ملوں کو جاری کر رہاہے۔
ذرائع کے مطابق کے پی سرکاری گندم 6 ہزارکی بجائے4500 میٹرک ٹن یومیہ جاری کر رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار روپے فی من مقرر ہونے سے ذخیرہ اندوزی بڑھ گئی، صوبے پاسکو کے پاس موجود اپنے کوٹے کی گندم اٹھانے سے گریزاں ہیں، بلوچستان بھی پاسکو کی گندم مہنگی قرار دے کر اٹھانے سے گریزاں ہے۔