09 جنوری ، 2023
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں کروڑوں روپےکی مبینہ مالی بےضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
پی ایس ایل 5 میں 90 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائدکی مبینہ بےضابطگیوں کاانکشاف ہوا ہے، عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں یہ مبینہ بے ضابطگیاں ہوئیں۔
آڈیٹر جنرل نے قواعد کےخلاف مختلف کمپنیوں کو پیشگی ادائیگیوں پر اعتراضات لگا دیے۔
دستاویز کے مطابق پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب پر بھاری اخراجات کیے گئے، افتتاحی تقریب میں24 کروڑ 10 لاکھ روپے اڑائے گئے۔
یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ وینڈرز سے بینک گارنٹی حاصل کیے بغیر پیشگی ادائیگیاں کی گئیں، پی ایس ایل فائیو کیلئے خلاف ضابطہ رابطہ اور پروٹوکول آفیسر کی تقرری کی گئی، میرٹ کے خلاف 6 کروڑ 10 لاکھ روپے گرافک اور ٹرک برینڈنگ رائٹس دیے گئے۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 5 پہلی بار مکمل طور پر پاکستان میں منعقد ہوا تھا۔ افتتاحی تقریب کراچی میں ہوئی تھی۔