21 جنوری ، 2023
لاہور: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کو منی لانڈرنگ کیس میں بے گناہ قرار دے دیا۔
منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت اسپیشل جج سینٹرل نے کی۔
اسپیشل پراسکیوٹر فاروق باجوہ اور تفتیشی افسر ضمنی چالان سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ سلیمان شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے شواہد نہیں ملے، سلیمان شہباز کے خلاف کک بیکس کے شواہد نہیں ملے۔
دوران سماعت جج نے استفسار کیا کہ چالان کے ساتھ لف ریکارڈ کہاں ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ چالان کو باقاعدہ اتھارٹی سے منظوری کے بعد پیش کر دیں گے۔
عدالت نے کہا کہ آپ سے چالان پڑھنے کے لیے لیا ہے، واپس کر دیں گے۔
سلیمان شہباز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ چالان میں ایف آئی اے نے سلیمان شہباز کو بے گناہ قرار دے دیا ہے، جس پر سلیمان شہباز اور طاہر نقوی درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں۔