17 دسمبر ، 2012
کوئٹہ …کوئٹہ میں فائرنگ سے محکمہ تعلقات عامہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق محکمہ تعلقات عامہ کے ڈپٹی ڈائریکٹرخادم حسین نوری اپنے گھر سے صبح تقریباً پونے دس بجے گاڑی میں عدالت روڈ پر اپنے دفتر آرہے تھے کہ شاہراہ اقبال پر دفتر کے قریب موٹرسائیکل سوار دو نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے، انہیں اسپتال لے جایاجارہا تھا کہ وہ راستے ہی دم توڑ گئے، دوسری جانب فائرنگ کے بعد مسلح افراد فرار ہورہے تھے کہ جناح روڈ پر پولیس اہلکاروں نے مسلح افراد کو روکنا چاہا مگر انہوں نے پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سنگین خان اور کانسٹیبل رجب خان جاں بحق جبکہ ایک اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا،حملہ آور موقع سے فرار ہونے ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جاں بحق افراد اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کردیاگیا،واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔