17 دسمبر ، 2012
پشاور…خیبر ایجنسی کے جمرود بازار میں دھماکے سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے جبکہ 40 سے زائد زخمی ہیں۔ دھماکے سے بازار میں کھڑی 10 سے 12 گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ خاصہ دار فورس کے مطابق دھماکا جمرود بازار میں فوجی مارکیٹ کے قریب ہوا، جہاں کھڑی بارود سے بھری کار دھماکے سے پھٹ گئی۔ دھماکے کے وقت بازار میں کافی رش تھا۔ جاں بحق اور زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پولیٹیکل ایجنٹ مطاہر زیب کا کہنا تھا کہ دھماکا تحصیل باڑہ میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن کا رد عمل ہے۔ دھماکے میں عام لوگوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ادھر سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کار میں 30 کلو سے زائد دھماکا خیز مواد تھا۔