24 فروری ، 2023
سابق کرکٹر شعیب اختر نے کپتان بابر اعظم کے لیے دیے گئے بیان پر وضاحت دے دی۔
شعیب اختر نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھاکہ 'میں کھلے عام کہتا ہوں کہ ابھی بابراعظم کو پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ ہونا چاہیے تھا لیکن وہ نہیں ہے کیونکہ اسے بولنا نہیں آتا، اس کے علاوہ بھی کوئی لڑکا نہیں بول سکتا، کیوں کہ ابھی تک صرف میں، آفریدی اور وسیم اکرم اشتہاروں میں آرہے ہیں۔؟'
سابق فاسٹ بولر کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت معروف کرکٹرز نے شعیب اختر کے بیان پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔
اب اس حوالے سے شعیب اختر کی وضاحت سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ’ میری نیت بابر کو چھوٹا کرنے کی نہیں تھی، میری نیت یہ تھی کہ بابر بڑا دکھے اور برانڈ کے طور پر بڑا نظر آئے کیوں کہ ہم بابر کا ویرات کوہلی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہیں تو آپ ویرات کوہلی کے وی لاگز دیکھیں، ان کی سوشل میڈیا پوسٹ دیکھ لیں وہ کیسے فرفر بولتے ہیں‘۔
شعیب نے یہ بھی کہا کہ ’میں یہ سوچتا ہوں بابر ہمارا ویرات کوہلی کی طرح کا کھلاڑی ہے، میری نیت تھی کہ وہ بھی بڑا ہوجائے‘۔
مزید برآں شعیب اختر نے کامران اکمل کے لفظ پر بھی ان کو آن اسکرین آڑے ہاتھوں لے لیا ۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ ’ کامران اکمل ہمارا میچ ونر ہے، اس نے پاکستان کیلئے بہت اچھا کھیلا ہے، میں کامران اکمل کی کل باتیں سن رہا تھا، وہ بھی کل ’سکرین‘ کہہ رہے تھے، سکرین نہیں ہوتا اسکرین ہوتا ہے ہم چونکہ میڈیا پر بیٹھتے ہیں اس لیے ہمیں اس چیز کو نوٹ کرنا ہوتا ہے‘۔