24 فروری ، 2023
پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کی اہلیہ صوفیہ فاطمہ نے شوہر کی نظربندی کے خلاف اور رہائی کیلئے الگ درخواست دائر کردی۔
اسد عمر کی اہلیہ نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں ڈپٹی کمشنر، سی سی پی او، آئی جی اورجیل سپرنٹنڈنٹ کوفریق بنایاہے۔
درخواست گزار نے کہا ہے کہ اسد عمر قانون کی پابندی کرنے والےشہری ہیں، وہ غیرسماجی سرگرمیوں میں ملوث نہیں اور غیرقانونی حراست میں ہیں۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پولیس نےڈپٹی کمشنرکی ہدایت پر اسد عمرکو حراست میں لیا، ڈپٹی کمشنر نے غیر قانونی طور پر نظربندی کا حکم جاری کیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ صحت کےمتعلق جاننےکیلئے ملنےکی کوشش کی لیکن ملوانےسےانکارکردیا گیا لہٰذا استدعا ہے کہ اسدعمر کی نظربندی کو غیر قانونی قرار دےکررہا کیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جیل بھرو تحریک میں اسد عمر نے لاہور سے رضا کارانہ طور پر گرفتاری پیش کی تھی۔
جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دینے والے تمام اسیر رہنماؤں کو کوٹ لکھپت جیل لاہور سے میانوالی اور دیگر جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔