24 فروری ، 2023
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے تناظر میں تحریک انصاف کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 32 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب کے27 حلقوں کے ضمنی انتخابات کا انتخابی شیڈول بھی معطل کردیا، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں انتخابی شیڈول معطل کیا گیا۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر انتخابی سرگرمیاں جاری رہیں گی، اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخابات16مارچ کو ہوں گے، اسلام آباد کے مذکورہ حلقہ جات پر لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ لاگو نہیں ہوتا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے جنرل نشستوں پر 27 ارکان اورمخصوص نشستوں پر 5 خواتین ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے صداقت علی خان، غلام سرور خان، عامر کیانی، فواد چوہدری، سید فیض الحسن، حماد اظہر اور شفقت محمود کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی معطل کیا گیا۔
فخرامام، عامر ڈوگر، شاہ محمودقریشی اور شیخ رشید سمیت 27 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا۔
خواتین کی مخصوص نشستوں پر عالیہ حمزہ، کنول شوذب، عندلیپ عباس، عاصمہ حدید اور ملکیہ بخاری کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکشن معطل کیا گیا۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے 43 ارکان قومی اسمبلی کی رکنیت ڈی نوٹیفائی کرنے کے فیصلے کو معطل کیا تھا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن کا ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنےکا نوٹیفکیشن7 مارچ تک معطل رہےگا اور اسی کے تناظر میں ضمنی الیکشن بھی معطل رہے گا۔