Time 05 مارچ ، 2023
پاکستان

عدالتی عملے کی چھٹی، عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر نہ ہو سکی

شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چوہدری نے لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی۔ فوٹو فائل
شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چوہدری نے لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی۔ فوٹو فائل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست لاہور ہائی کورٹ میں دائر  نہ ہو سکی۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، جنرل سیکرٹری اسد عمر اور فواد چوہدری نے لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کرنے کے لیے پہنچے۔

  عمران خان کے وکیل اظہر صدیق نے گیٹ پر  موجود پولیس اہلکار کو درخواست پکڑائی اور کہا کہ یہ اندر آفس کو بھجوائیں، پولیس اہلکار نے درخواست وکیل کو واپس کرتے ہوئے کہا کہ  آج اتوار ہے، کوئی عملہ موجود نہیں  ہے۔

عمران خان کے وکیل بدستور ہائیکورٹ کے دروازے پر موجود رہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری ہائیکورٹ سے واپس چلے گئے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی سیشن عدالت نے عمران خان کو گرفتار کر کے 7 مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے، اسلام آباد پولیس کی ٹیم آج عمران خان کی گرفتاری کی تعمیل کے لیے زمان پارک لاہور پہنچی تھی تاہم پی ٹی آئی کارکن بڑی تعداد میں زمان پارک پہنچ گئے اور اسلام آباد پولیس کے سامنے مزاحمت کی۔

ایس ایس پی اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ نوٹس پر دستخط کرانے گئے تھے، گرفتاری کرنے نہیں، وہاں کارکنوں نے بدتمیزی کی اور گالیاں دیں، ہم قانونی تقاضے پورے کرنے آئے تھے۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کے لیے اڈیالہ جیل میں سیل تیار کیا جا رہا ہے، عمران خان کو اڈیالہ جیل کے اسی سیل میں رکھا جائے گا جس میں 2019 میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرکے رکھا گیا تھا۔

مزید خبریں :