22 مارچ ، 2023
ایمن منال کلوزٹ کے سابق ملازم علی حامد کی جانب سے سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات کے بعد تمام ملازموں کو تنخواہ کی ادائیگی کردی گئی۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے علی حامد نامی صارف نے ایمن منال پر عملے کی بے عزتی کرنے اور تنخواہ نہ دینے کا الزام عائد کیا۔
علی حامد نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ میں ایک سال سے ایمن اور منال کا ملازم ہوں لیکن بڑے نام ہونے کے باوجود انہوں نے مجھے وقت پر ادائیگی نہیں کی، اداکارائیں اپنے ملازمین کی بے عزتی کرتی ہیں اور ان سے غلاموں جیسا سلوک کرتی ہیں، ان کی برانڈ مہینوں میں لاکھوں کماتی ہے لیکن وہ ملازموں کو ان کی اجرت نہیں دیتے، یہ لوگ میرے ایک لاکھ 80 ہزار کی مقروض ہیں، میں نے انہیں اپنی تنخواہ کیلئے پیغامات بھیجے لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
تاہم اب علی حامد کی جانب سے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے سپورٹرز کا شکریہ ادا کیا گیا، علی حامد کی پوسٹ میں درج تھا کہ مجھ سمیت تمام ملازموں کے بقایاجات ادا کردیے گئے ہیں، بعد ازاں اس کو ڈیلیٹ کردیا گیا۔
سابق ملازم کے الزامات پر ایمن منال کلوزٹ کی جانب سے وضاحت بھی سامنے آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ایمن منال ایک معیاری برانڈ ہے جو کہ ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر کے حق میں نہیں لیکن معاشی مشکلات کچھ ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر کا سبب بنیں جنہیں جلد ہی حل کرلیا گیا تھا۔
اس حوالے سے کلوزٹ کی انسٹا اسٹوری میں درج تھا کہ اداکارہ ایمن اور منال خان اپنی برانڈ کے روزانہ کے معاملات کا حصہ نہیں یہ سب ان کے بھائی معاذ دیکھ رہے ہیں۔
انسٹا اسٹوری میں مزید کہا گیا تھا کہ تنخواہ کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کے ذریعے برانڈ کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی گئی جس کیلئے قانونی کارروائی کی جائے گی۔