05 جنوری ، 2025
1975 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ کی مشہور زمانہ فلم 'شعلے' بھارت کی سب سے کامیاب اور سپرہٹ فلم سمجھی جاتی ہے جس کے جاندار ڈائیلاگ آج بھی فلمی شائقین کی زبانوں پر ہیں۔
بالی وڈ ہدایت کار رمیش سپی کی تاریخی فلم شعلےکی اسٹار کاسٹ میں دھرمیندر، امیتابھ بچن، امجد خان، سنجیو کمار، ہیما مالنی اور جیا بچن شامل تھے۔
فلم کی ریلیز کو 49 سال ہوچکے ہیں تاہم فلم سے متعلق شائقین کی دلچسپی کم نہیں ہوئی۔ فلم کے ہیرو دھرمیندر اور امیتابھ بچن نے جہاں اس فلم سے بے پناہ شہرت کمائی وہیں اپنی جاندار اداکاری سے امجد خان نے ولن کےکردار یعنی گبرکو امر کردیا۔
گبر کے کردار کو اگر فلم شعلے کی جان اور سب سے مشہور کردار کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔
بھارتی میڈیا پر فلم کی ریلیز کے 49 سال بعد ایک تصویر کا چرچا ہے جس کے متعلق بتایا گیا ہےکہ یہ فلم کے اس سین کی تصویر ہے جسے سنسر بورڈ نے حذف کردیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس سے قبل یہ سین سامنے نہیں آیا، اس سین میں گبر نے امام صاحب کے بیٹے احمد کو بالوں سے پکڑا ہوا ہے اور اس کے پیچھےگبر کے باقی ساتھی اسلحہ تھامے چوکس کھڑے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سنسر بورڈ نے اس سین کو تشدد دکھانےکے باعث حذف کردیا تھا۔
مذکورہ سین سامنے آنے کے بعد شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔