Time 31 مارچ ، 2023
پاکستان

صدرمملکت نے جسٹس قاضی فائزکیخلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینےکی منظوری دے دی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

صدر  مملکت عارف علوی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینےکی منظوری دے دی۔

صدرمملکت نے سول ریویو پیٹیشن میں کیوریٹیو ریویو پیٹیشن اور سی ایم اے واپس لینے کی منظوری دے دی۔

صدرمملکت نے منظوری آئین کے آرٹیکل 48 ایک کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر دی۔

صدر مملکت نے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ انیس احمد شہزاد کے حق میں سند اختیارپربھی دستخط کردیے۔

خیال رہےکہ  وزیراعظم شہباز شریف نے  گزشتہ روز  جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کےخلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینےکا حکم دیا تھا  اور ان کے خلاف ریفرنس کی پیروی نہ کرنےکا فیصلہ کیا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریفرنس کے نام پرجسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے اہلخانہ کو ہراساں اور بدنام کیا گیا، ان کےخلاف ریفرنس کوئی ریفرنس نہیں تھا، یہ ایک منصف مزاج جج کے خلاف منتقم مزاج عمران نیازی کی انتقامی کارروائی تھی، یہ عدلیہ کی آزادی پر شب خون  اور  اسے تقسیم کرنےکی مذموم سازش تھی، مسلم لیگ(ن) اور اتحادی جماعتوں نے اپوزیشن دور میں بھی اس کی مذمت کی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے صدر کے آئینی منصب کا اس مجرمانہ فعل کے لیے ناجائز استعمال کیا، صدر عارف علوی عدلیہ پر حملے کے جرم میں آلہ کار  اور جھوٹ کےحصہ دار بنے، پاکستان بارکونسل سمیت وکلا تنظیموں نے بھی اس ریفرنس کی مخالفت کی تھی، اس ریفرنس سے متعلق پاکستان بارسمیت وکلا تنظیموں کی رائےکی قدر کرتے ہیں۔

مزید خبریں :