Time 15 اپریل ، 2023
پاکستان

ٹک ٹاک بنانے کے بہانے اغوا کیے گئے دو نوجوان کچے کے علاقے سے بازیاب

ڈاکوؤں نے دو نوجوانوں فرمان میرانی اور سعید بھٹی کو فیس بک کے ذریعے رابطہ کرکے کشمور میں لگنے والے میلے اور وہاں ٹک ٹاک بنانے کیلئے بلایا: پولیس— فوٹو: رپورٹر
ڈاکوؤں نے دو نوجوانوں فرمان میرانی اور سعید بھٹی کو فیس بک کے ذریعے رابطہ کرکے کشمور میں لگنے والے میلے اور وہاں ٹک ٹاک بنانے کیلئے بلایا: پولیس— فوٹو: رپورٹر

سندھ کے ضلع کشمور کے میلے میں ٹک ٹاک بنانے کے بہانے بلوائے گئے لڑکوں کو اغوا کر لیا گیا تھا جنہیں پولیس نے ایک آپریشن کے بعد بازیاب کرا لیا۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس لاڑکانہ عمران خان کے مطابق ڈاکوؤں نے دو نوجوانوں فرمان میرانی اور سعید بھٹی کو فیس بک کے ذریعے رابطہ کرکے کشمور میں لگنے والے میلے اور وہاں ٹک ٹاک بنانے کیلئے بلایا۔

دونوں ویگن پر سوار ہو کر لاڑکانہ سے کندھ کوٹ پہنچے جہاں سے ڈاکوؤں نے انہیں اغوا کرکے کچے میں رکھا اور ان پر تشدد کرتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی جس میں ان کے ورثا سے 25 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا۔

دونوں نوجوانوں کی بازیابی کے لیے ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ نے لاڑکانہ اور کندھ کوٹ کشمور پولیس کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دیں اور غوث پور تھانے پر سرکار کی مدعیت میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔

پولیس کی ٹیموں کی جانب سے کچے میں دونوں نوجوانوں کی موجودگی کی ملنے والی اطلاع پر کارروائی کی گئی اور دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں مغویوں کو باحفاظت بازیاب کروالیا گیا۔ 

مزید خبریں :