04 جون ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ پر کام کررہا ہے،کپتان بابر اعظم کی وطن واپسی اور سینئر کھلاڑیوں سے مشاورت کے بعد کنٹریکٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو رہے ہیں اس لیے پی سی بی نے اگلے ایک سالہ مدت کے لیے نئے کنٹریکٹ کے حوالے سے کام شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے، کئی قومی کرکٹرز کی ترقی و تنزلی ہوگی جبکہ کئی کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہوں گے، ریڈبال اور وائٹ بال کیٹگریز کو جاری رکھنے پر مشاورت کی جا رہی ہے۔
گزشتہ برس پی سی بی نے ریڈ بال اور وائٹ کرکٹ کی الگ الگ کیٹگریز متعارف کرائی تھیں، ریڈ اور وائٹ بال میں اے، بی، سی کے علاوہ ایمرجنگ کیٹگریز شامل تھیں ۔
سابق کپتان اظہر علی ریٹائر ہونے پر کنٹریکٹ سے باہر ہوگئے ہیں جب کہ فواد عالم، یاسر شاہ، نعمان علی، خوشدل شاہ، عثمان قادر اور زاہد محمود کا کنٹریکٹ برقرار رکھنا مشکل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ افتخار احمد، صائم ایوب، احسان اللہ، اسامہ میر اور زمان خان کو کنٹریکٹ دیے جائیں گے، حارث رؤف اور نسیم شاہ کو کنٹریکٹ میں ترقی ملےگی۔