11 جون ، 2023
خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں رواں سال قتل، اقدام قتل، رہزنی اور ریپ کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
شہر میں رواں سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران 232 افراد کا قتل ہوا جو گزشتہ سال کے پہلے 5 ماہ کی نسبت 136 فیصد زیادہ ہے، اقدام قتل کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا جس میں مجموعی طور پر360 واقعات رپورٹ ہوئے۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ سال کے پہلے 5 ماہ میں 170 افراد قتل ہوئے تھے، جبکہ اقدام قتل کے310 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
دستاویز کے مطابق پشاور میں گزشتہ سال کے پہلے 5 ماہ میں 216 رواں سال شہر میں 224 افراد مختلف واقعات میں زخمی بھی ہوئے۔
پشاور شہر میں رہزنی کے واقعات میں ریکارڈ 202 فیصد اضافہ ہوا ہے، گزشتہ سال کے پہلے 5 ماہ میں رہزنی کے 39 جب کہ رواں سال 79 واقعات تھانوں میں رپورٹ ہوئے۔
رواں سال پہلے 5 ماہ میں 29 ریپ کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ گزشتہ سال کے پہلے 5 ماہ میں ریپ کے 18 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
پولیس دستاویزات کے مطابق مرد،عورت اور جانور کے ساتھ غیر فطری عمل کے 14 واقعات بھی رپورٹ ہوچکے ہیں۔
اغوا کیسز میں کمی کے ساتھ رواں سال 36 کے مقابلے میں 22 کیسز درج ہوچکے ہیں۔
شہر میں بڑھتے جرائم سے متعلق سی سی پی او سید اشفاق انور کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائمز اور دہشت گردی کے واقعات میں چیلنجز کا سامنا ہے، شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور بہتر تفتیش کے ذریعے بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی۔