Time 15 جون ، 2023
کھیل

پاکستان ویمنز ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے: ڈیانہ بیگ

 پاکستان ویمنز ٹیم کی فاسٹ بالر ڈیانہ بیگ نے کہا کہ خواتین کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کی چیمپئن بن سکتی ہے۔

جیو ڈیجیٹل کو دیے  گئے خصوصی انٹرویو میں خاتون کرکٹر نے بتایا کہ20 ورلڈ کپ چیمپئن بننے کے لیے ہمیں محنت کرنی ہے، لیگز کرکٹ کے ہونے سے ہماری کھلاڑیوں کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا اور ان سے جدید کرکٹ کے بارے میں سیکھنے کو ملے گا۔

شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی گیند بازی کی مداح ہوں

انہوں نے کہا کہ وہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی گیند بازی کی مداح ہیں اور کہا کہ مجھے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی گیند بازی کا انداز بہت پسند ہے، میری اکثر اس حوالے سے ان سے بات چیت بھی ہوتی ہے، میری کوشش ہوتی ہے کہ ان سے سیکھ کر میں اپنے گیم کو بھی بہتر بناؤں۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

انہوں نے کرکٹ میں دلچسپی کے بارے میں بتایا کہ مجھے بچپن سے ہی کرکٹ کا شوق تھا اور والد کی بھی شروع سے ہی کھیلوں میں کافی دلچسپی رہی۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ مرد کھلاڑیوں اور خواتین کھلاڑیوں کے درمیان سیکھنا اور سکھانا بھی ہوتا ہے اس کے جواب میں انہوں نے کہا مجھے گراؤنڈ میں کوئی بھی کھلاڑی جب نظر آتا چاہے وہ محمد عامر ہو، شاہین ہو یا حارث رؤف میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے خود ان کے پاس جاتی ہوں اور ان سے سیکھنے کی کوشش کرتی ہوں ۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو
 ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے کافی جدوجہد کرنا پڑی

کرکٹ کے سفر کا ابتدائی وقت یاد کرتے ہوئے انہوں نے جیو ڈیجیٹل کو بتایا کہ ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے کافی جدوجہد کرنا پڑی پہلے گلگت میں پریکٹس کرنے کے لیے کوئی مناسب جگہ نہیں ملتی تھی لیکن وقت کے ساتھ میری کرکٹ بہتر ہوتی گئی اور آج قومی ٹیم کا حصہ ہوں۔

 انھوں نے کہا کہ جب میں نے پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلنا شروع کیا تب سے میں ثنا میر کی لیڈر شپ اور ان کی شخصیت سے کافی متاثر ہوں، بسمہ معروف کا بچہ بھی ہے اور وہ جس طرح کرکٹ کو بھی ساتھ لے کر چلتی ہیں انہیں دیکھ کر بہت حوصلہ ملتا ہےـ

والدین اپنے بچوں پر بھروسہ کریں : ڈیانہ بیگ کا پیغام 

خاتون کرکٹر نے نوجوانوں اور ان کے والدین کو پیغام دیتے ہوئے کہا اگر آپ میں ہنر ہے تو محنت کریں اور اپنے والدین کو رضامند کریں جب کہ والدین کو یہ کہوں گی کہ اپنے بچوں پر بھروسہ کریں اور انہیں مواقع دیں تاکہ وہ اپنے ہنر کو منواسکے۔

واضح رہے 27 سالہ ڈیانہ بیگ کا تعلق ہنزہ سے ہے 2015 میں انہوں نے انٹرنیشل کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔

مزید خبریں :