Time 22 جون ، 2023
پاکستان

سہانے مستقبل کا خواب لیےبیرون ممالک جانیوالے نوجوانوں کیلئے بلوچستان اہم’ گزرگاہ ‘

یورپی ملک جانے والے کئی افراد تو گرم موسم میں ماشکیل، زمران کی گرمی کا شکار ہوکر مر جاتے ہیں جنہیں ایجنٹس وہاں ہی پھینک کر آگے بڑھ جاتے ہیں/فوٹوفائل
یورپی ملک جانے والے کئی افراد تو گرم موسم میں ماشکیل، زمران کی گرمی کا شکار ہوکر مر جاتے ہیں جنہیں ایجنٹس وہاں ہی پھینک کر آگے بڑھ جاتے ہیں/فوٹوفائل

بلوچستان بھی اچھے مستقبل کا خواب سجا کر غیر قانونی طور پر بیرون ممالک جانے والے نوجوانوں کیلئے ایک اہم گزرگاہ ہے۔

بلوچستان کے ذریعے ہر سال30 سے 40 ہزار نوجوان ایران کے راستے یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں، 20سے 25 ہزار نوجوان پاک ایران سرحد پر پکڑے جاتے ہیں تو کئی ہزار لوگ ایران اور ترکیہ سے ہوتے ہوئے یورپ پہنچ جاتے ہیں تاہم صوبے میں موجود انسانی اسمگلرز اور ایجنٹس کے خلاف کوئی بڑی کارروائی ہوتی نظر نہیں آئی۔

 بیشتر افراد نوشکی سے لیکر تفتان تک کے سفر میں لیویز کے ہاتھوں پکڑے جاتے ہیں 

بلوچستان سے ملحقہ ایرانی بارڈر ہے، تفتان ، زمران ، واشک، ماشکیل،وہ علاقے ہیں جہاں کاروباری سرگرمیوں کے علاوہ ان راستوں سے ہر ماہ ہزاروں افراد غیر قانونی طور پر بہتر روزگار کی تلاش میں ایران اور ترکیہ کے راستوں سے یورپی ممالک جانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ان میں بیشتر افراد نوشکی سے لیکر تفتان تک کے سفر میں لیویز کے ہاتھوں پکڑے جاتے ہیں کچھ ایران یا پھر ترکیہ میں دھر لیے جاتے ہیں، پھر بھی کئی خوش قسمت نوجوان کھٹن، راستوں سے ہوتے ہوئے یورپ پہنچ ہی جاتے ہیں۔

لیویز اور ایف آئی اے حکام کے مطابق غیر قانونی طور پر چاغی کے راستے ایران جانے والے 20 سے 25 ہزار افراد ہر سال پکڑے جاتے ہیں، لیویز یا ایرانی حکام پکڑے جانے والے افراد کو ایف آئی اے کے حوالے کرتے ہیں۔

ہمسایہ ملک افغانستان سے بھی بیروزگار افراد کو غیرقانونی طور پر یورپی ممالک بھجوائے جانے کابھی انکشاف

لیویز اور ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ جو نوجوان پکڑے جاتے ہیں زیادہ ترکا  تعلق گجرات، ساہیوال ، چیچہ  وطنی اور اوکاڑہ سے ہوتا ہے ، جہاں کے انسانی اسمگلر ز بلوچستان میں موجود ایجنٹس کے ذریعے ان نوجوانوں کو بیرون ممالک بھجواتے ہیں۔

کئی افراد تو گرم موسم میں ماشکیل، زمران کی گرمی کا شکار ہوکر مر جاتے ہیں جنہیں ایجنٹس وہاں ہی پھینک کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔

بلوچستان کے راستےناصرف ملک کے دیگر شہروں بلکہ ہمسایہ ملک افغانستان سے بھی بیروزگار افراد کو غیرقانونی طور  پر  یورپی ممالک بھجوائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

مزید خبریں :