06 جولائی ، 2023
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں لڑکی پر جنسی حملے کے کیس میں گلی کے چوکیدار اور گھریلو ملازمہ سمیت 15 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہےکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم بنادی ہے،کمیٹی میں ایس پی گلشن، 2 ڈی ایس پیز اور 2 ایس ایچ اوز شامل ہیں، لڑکی نے قانونی کارروائی سے منع کیا ہے، سرکار کی مدعیت میں واقعے سے متعلق مقدمہ درج کیا جائےگا، لڑکے کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہےکہ نادرا اور جیو فینسنگ کی مدد سے ملزم کی جلد گرفتاری عمل میں لائی جائےگی، ملزم کو کڑی سےکڑی سزا دلائی جائےگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز گلستان جوہر میں گلی سے گزرتی لڑکی پر نوجوان کے جنسی حملےکی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی تھی۔
ماسک پہنے ملزم نے لڑکی پر جھپٹنےکی کوشش کی، لڑکی نے مزاحمت کی تو ملزم پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگیا اور فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گلستان جوہر بلاک 4 مغل ہزارہ گوٹھ کے قریب پیش آیا تھا اور یہ واقعہ 3 روز قبل کا ہے، ملزم کی موٹر سائیکل پر نمبر پلیٹ بھی نہیں لگی ہوئی تھی۔