11 جولائی ، 2023
کراچی بندرگاہ کے قریب لالہ زار سوسائٹی کے ایک فلیٹ میں کے پی ٹی کے افسر کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق کیماڑی ضلع کے ڈاکس تھانے کی حدود میں مولوی تمیز الدین خان روڈ پر واقع لالہ زار سوسائٹی میں 53 سالہ عتیق الرحمن میمن ولد حاجی کریم بخش کو تیز دھار آلے کے وار سے گھر میں قتل کیا گیا، مقتول کے پی ٹی میں گریڈ 18 کے افسر اور ایکٹنگ مینجر اسٹور تھے۔
ڈاکس پولیس کے مطابق لالا زار میں واقع کے پی ٹی اپارٹمنٹس میں فلیٹ نمبر DL.8 میں عتیق الرحمان میمن، ان کی دوسری اہلیہ اور ان سے بچوں کے علاوہ پہلی متوفیہ بیوی کے تین بچے بھی ساتھ رہائش پذیر تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی اور ان کے بچوں کے درمیان گھر میں لڑائی جھگڑا ہوا اس دوران عتیق الرحمان میمن گردن کی بائیں جانب تیز دھار آلہ لگنے سے ہلاک ہوئے، انہیں کیماڑی میں واقع کے پی ٹی اسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی، بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے لیے لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔