صحت و سائنس
03 جنوری ، 2013

سندھ میں خسرہ کی وباء پر قابو نہ پایا جاسکا

سندھ میں خسرہ کی وباء پر قابو نہ پایا جاسکا

کراچی…سندھ میں خسرہ کی وباء پر اب تک قابو نہ پایا جاسکا، محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، تاہم بہت سے علاقوں میں ابھی تک محکمہ صحت کا عملہ نہیں پہنچ سکا ہے۔ خیرپور، لاڑکانہ، قمبر، کشمور، جیکب آباد، گھوٹکی اور سکھر خسرہ کی وباء سے سب سے زیادہ متاثر ہیں اور یہاں کے اسپتالوں میں بڑی تعدادمیں خسرہ سے متاثرہ بچے لائے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق خسرہ سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤکے لیے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کا کام جاری ہے، خسرہ سے متاثرہ بچوں کا سرکاری اسپتال میں علاج کیا جارہا ہے تاہم کئی دیہات سے خسرہ سے متاثرہ بچوں کو اب تک اسپتالوں میں نہیں لایا گیا ہے۔ ضلع ٹھٹھہ میں بھی خسرہ کا مرض پھیل رہا ہے، ساحلی علاقے گھوڑا باری کے گاوٴں را ہکڑو میں مقامی افراد کا کہنا ہے کہ 50 سے زائد بچے خسرہ میں مبتلا ہیں،اور اطلاع دینے کے باوجود محکمہ صحت کی کوئی ٹیم علاقے میں نہیں پہنچی ہے۔ بنیادی صحت مرکز کے انچارج ڈاکٹر عبدالحسین شاہ کے مطابق خسرہ میں مبتلا ایک دو بچے علاج کے لئے لائے گئے ، لیکن اموات کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں اب تک خسرہ سے 100 جبکہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق 210 بچوں کی اموات ہوئی ہیں۔

مزید خبریں :