Time 28 جولائی ، 2023
کھیل

کرکٹ ورلڈکپ، بھارت نے آن لائن صارفین کو ٹکٹوں کی خریداری سے محروم کر دیا

بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ رواں برس اکتوبر میں شیڈول ہے۔ فوٹو فائل
بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ رواں برس اکتوبر میں شیڈول ہے۔ فوٹو فائل

بھارت میں رواں برس اکتوبر میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے ٹکٹوں کی خریداری کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ کا بیان سامنے آیا ہے۔

سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے ای ٹکٹ کا اجرا نہیں ہو گا، تماشائیوں کے لیے ای ٹکٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہو گی۔

جے شاہ نے کہا کہ کرکٹ فینز کو فزیکل ٹکٹس اپنے ہمراہ رکھنا ہوں گے، سات سے آٹھ سنٹرز پر فزیکل ٹکٹس ایڈوانس میں دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ای ٹکٹس کی شروعات پہلے باہمی سیریز کے دوران کی جائیں گی، احمد آباد اور لکھنؤ جیسے بڑی گنجائش والے اسٹیڈیمز کے لیے میگا ایونٹس کے دوران ای ٹکٹس ممکن نہیں ہے، ورلڈکپ کے لیے ٹکٹ بکنگ کی تاریخوں کا اعلان آئی سی سی کے ساتھ مل کر جلد کریں گے۔

سیکرٹری بی سی سی آئی نے کہا کہ پارٹنرز کے ساتھ مل کر اسٹیڈیم میں فینز کو مفت پانی فراہم کیا جائے گا، پانی بوتل میں ہو یا گلاس میں لیکن یہ مفت ہو گا۔

جے شاہ نے کہا کہ ورلڈکپ کے میچز دیکھنے کے لیے گراؤنڈ آنے والے فینز کے لیے صحت مندانہ ماحول اور واش رومز کی صفائی ستھرائی اس وقت اولین ترجیح ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ رواں برس اکتوبر میں شیڈول ہے اور ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہو گا تاہم پاک بھارت میچ کے وینیو میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے فیصلہ آئندہ ایک سے دو روز میں ہو جائے گا۔ 

مزید خبریں :