Time 01 اگست ، 2023
پاکستان

ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج کی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کیے جانے کا امکان

کونسل کی مردم شماری کے نتائج کی منظوری کی صورت میں انتخابات میں تاخیر کا بھی امکان ہے— فوٹو:فائل
کونسل کی مردم شماری کے نتائج کی منظوری کی صورت میں انتخابات میں تاخیر کا بھی امکان ہے— فوٹو:فائل

مردم شماری 2023 کے نتائج کی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ شماریات کو 2023 کی مردم شماری کے نتائج کی منظوری کیلئے سی سی آئی سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کونسل کی مردم شماری کے نتائج کی منظوری کی صورت میں انتخابات میں تاخیر کا بھی امکان ہے۔ 

متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری 2023 مکمل ہو چکی ہے، کونسل کی جانب سے منظوری کے بعد نتائج آئین کے مطابق شائع کردیے جائیں گے، آئندہ عام انتخابات تازہ ترین مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے۔

ذرائع سی سی آئی کے مطابق اجلاس دو اگست کو طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 2018 میں تمام سیاسی جماعتوں کا معاہدہ ہوا تھا جس میں یہ لکھا ہوا ہے کہ آئندہ انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ مردم شماری کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں ایک بار ڈسکس کرلیا جائے اور آئینی حل تلاش کیا جائے۔

ان کا کہنا تھاکہ اگر کونسل مردم شماری کی منظوری دے دیتی ہے تو صوبوں کے اندر حلقہ بندیاں تبدیل کی جاسکتی ہیں جس کے لیے الیکشن کمیشن کو ایک سے ڈیڑھ ماہ لگے گا لیکن انتخابات میں غیر معینہ تاخیر کا امکان نہیں ہے۔

اُدھر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کہا ہے کہ تاخیر کا جواز نہیں، نئی مردم شماری کے تحت ہی انتخابات میں جانا ہے۔

مزید خبریں :