08 اگست ، 2023
کراچی فش ہاربر میں واقع ایک فیکٹری میں زہریلی گیس کا اخراج شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں متاثرہ افراد کی 20 ہوگئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ سول اسپتال میں 19 متاثرہ اور بے ہوش خواتین کو لایا گیا ہے جبکہ امونیا گیس سے ایک شہری بھی متاثر ہوا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق امونیا گیس کی بدبو سے علاقے میں مزید بھی لوگ متاثر ہوئے ہیں، بے ہوش ہونے والی خواتین کو اسپتال روانہ کر دیا گیا ہے۔
علاقے میں امونیا گیس کی بدبو پھیلنے پر امدادی اداروں کو طلب کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ،غفلت اور لاپرواہی کے الزام میں فیکٹری کے سپروائزر اور انجینیئر کو گرفتار کر لیا گیا۔
سکیورٹی انچارج فش ہاربر ناصر بونیری کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں جھینگے اور مچھلی کی پروسیسنگ ہوتی ہے، امونیا گیس کے پائپ میں لیکج سے علاقے میں بدبو پھیلی، فیکٹری میں 60 خواتین صبح 9 بجے معمول کے مطابق کام پر پہنچی تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق فیکٹری میں سی فوڈ پیکنگ کا کام کیا جاتا ہے، فیکٹری میں کولڈ اسٹوریج بھی قائم ہے، امونیا گیس کی لیکج کے باعث واقعہ پیش آیا، تمام متاثرین کی حالت خطرے سے باہر ہے، واقعہ صرف گیس لیکج کا ہے، کوئی دھماکا نہیں ہو۔
فیکٹری ملازمین کا کہنا ہے کہ کولڈ اسٹوریج سے امونیا گیس کا پائپ لیک ہوا ہے۔