15 اگست ، 2023
اسپین نے سویڈن کو 1-2 سے شکست دیکر فیفا ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
سویڈن پانچویں بار ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچی لیکن بدقسمتی نے اس بار بھی اس کا ساتھ نہ چھوڑا اور ایک بار پھرفائنل کی آس لیے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
پہلی بار فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی اسپین کی ٹیم فائنل میں دوسرے سیمی فائنل کی فاتح انگلینڈ یا آسٹریلیا سے اتوار کو مقابلہ کرے گی۔
ایڈن پارک، آکلینڈ میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں سویڈن اور اسپین کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کامیابی نہ ملی اور میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھی۔ 81 ویں منٹ میں اسپین کی سلمی سیلسٹے نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
7 منٹ بعد سویڈن کی ریبیکا نے گول کرکے اسکور برابر کردیا۔ کھیل کے اختتام سے چند منٹ قبل اسپین کی اولگا کارمونا نے گول کرکے ٹیم کو 1-2 کی فتح دلوا دی۔
دوسرا سیمی فائنل بدھ 16 اگست کو میزبان آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانا ہے۔ انگلینڈ نے 2015ءکے ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ آسٹریلیا نے پہلی بار چیمپئن شپ کے لاسٹ فور میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
نویں فٹ بال ورلڈکپ ٹورنامنٹ میں میزبان ٹیم ہونے کی حیثیت سے آسٹریلیا کو اس سال فیفا ویمنز ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ اگر آسٹریلیا نے ایونٹ جیتا تو وہ 1999ءمیں امریکا کےبعد ہوم گراؤنڈ پر جیتے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔