Time 24 اگست ، 2023
انٹرٹینمنٹ

پریانکا اور امیشا پر 'تضحیک آمیز' تبصرے، صارفین نے نادر علی پر پابندی کا مطالبہ کردیا

کچھ دن قبل پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار معمر رانا نے نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں نادر علی نے غیر اخلاقی سوالات کیے__فوٹو: فائل
کچھ دن قبل پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار معمر رانا نے نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں نادر علی نے غیر اخلاقی سوالات کیے__فوٹو: فائل

پاکستانی یوٹیوبر نادر علی ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر تنازع کا شکار ہیں اور اب صارفین نے ان پر پابندی کا مطالبہ بھی کردیا۔

کچھ دن قبل پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار معمر رانا نے نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں نادر علی نے اداکار سے پاکستانی اور بھارتی اداکاراؤں کی خوبصورتی سے متعلق کچھ  غیر اخلاقی سوالات کیے اور ساتھ ساتھ نامناسب تبصرے بھی کیے۔

نادر نے سوال کیا کہ پاکستان کی وہ کون سی اداکارہ ہے جو بغیر میک اپ کے 'بھیانک' نظر آتی ہے؟ جس پر معمر نے کہا نہیں پاکستان میں ایسی کوئی اداکارہ نہیں ہے، نادر نے سوال جاری رکھا اور کہا اچھا بھارت میں ہے؟ جسے دیکھ کر آپ ڈر گئے ہوں، معمر نے کہا ہاں بھارت میں ہے اور میرے ساتھ ایسا پریانکا چوپڑا کے ساتھ ہوا تھا۔

اداکار نے قصہ سناتے ہوئے کہا 'پریانکا چوپڑا کو جب میں نے بغیر میک اپ دیکھا تو میں ڈر گیا تھا، مجھے پتا ہی نہیں چلا کہ یہ ہے کون، میں اور سلمان بیٹھے باتیں کررہے تھے کہ ایک لڑکی آئی اور سلمان سے باتیں کرنے لگی'۔

بات جاری رکھتے ہوئے معمر نے کہا اس دوران میں خاموش رہا، جب لڑکی گئی تو میں نے سلمان سے پوچھا یہ کون تھی؟ جس پر نادر نے کہا ہاں آپ کو لگا کوئی 'گھریلو ملازمہ (میڈ)' وغیرہ تھی؟

معمر نے بات جاری رکھی اور کہا جواب میں سلمان نے حیرانی سے کہا تم نے نہیں پہچانا؟ میں نے کہا نہیں جس پر سلمان نے بتایا کہ یہ پریانکا چوپڑا تھی۔

معمر رانا نے کہا 'یہ سن کر میں کافی حیران ہوا، میرا جو سارا کرش تھا وہ ختم ہوگیا، میں نے کہا بھاڑ میں جاؤ سارے'۔

نادر نے اس پر کہا آپ نے سوچا 'کالا نمک چاٹ لوں اسے دیکھ کر؟'

معمر رانا نے مزید کہا  'جو اداکارہ اصل میں خوبصورت ہے وہ ہے امیشا پٹیل، وہ بہت دلکش اور حسین اداکارہ ہیں وہ بالکل فٹ اور دکھنے میں بہت پیاری ہیں'۔

جس پر نادر نے ایک بار پھر نامناسب سوالات کیے اور کہا وہ کس حساب سے خوبصورت ہیں؟ ساتھ ہی نادر نے گانا بھی گایا 'چہرہ کیا دیکھتے ہو، دل میں اتر کے دیکھو'، جس پر معمر رانا نے کہا 'اب سارا کچھ بول دوں؟'

معمر رانا اور نادر علی کی یہ گفتگو سوشل میڈیا صارفین کو انتہائی نامناسب لگی اور لوگوں نے مایوسی کا اظہار کیا، ساتھ ہی صارفین نے نادر کو بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا، اس کے علاوہ صارفین نے معمر رانا کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایک صارف نے تو پریانکا سے درخواست کی کہ انہیں نادر کے خلاف قانونی کارروائی کرنی چاہیے۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

اس کے علاوہ رنگت پر بات کرنے پر بھی صارفین نے نادر پر تنقید کی اور یہ سوال بھی کیا کہ نادر نے اپنی زندگی میں کیا کیا؟ جب کہ پریانکا ایک کامیاب خاتون ہیں۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

کچھ صارفین نے پریانکا چوپڑا سے متعلق کہا کہ  پریانکا ایک بہادر، خوبصورت، بولڈ اور اچھی اداکارہ ہیں، اصل میں انہوں نے معمر رانا کو نہیں پہچانا ہوگا۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

نادر علی پر اس سے قبل کن انٹرویوز کے بعد تنقید ہوتی رہی؟

* نادر نے جب سنیتا مارشل سے ان کے مذہب تبدیل کرنے سے متعلق سوال کیا۔

* جب بہروز سبزواری سے نادر نے خواتین کے کپڑوں پر نامناسب انداز میں بات کی۔

* نادر علی نے جب ماڈل نادیہ حسین سے سوال کیا کہ کیا کوئی انڈسٹری میں 'بدشکل' ہے؟ جس پر نادیہ نے انکار کردیا، نادر نے پھر کہا کہ آپ محفوظ کھیل رہی ہیں۔

* جب نادر نے سابق مارننگ شو ہوسٹ آمنہ ملک سے ان کی مارننگ شو کی تنخواہ پوچھی۔

مزید خبریں :