12 ستمبر ، 2023
نگران وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے تجویز دی ہے کہ مریضوں کو ایمبولینس سروس کی مد میں باقاعدہ بل فراہم کیا جائے۔
ڈاکٹر سعد خالد نیاز سے سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز (SIEHS) کے سی ای او بریگیڈیئر ر طارق قادر لکھیار نے ملاقات کی۔
ملاقات میں نگران وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نےکہا ہےکہ ان کی خواہش اور حکومت سندھ کی پالیسی ہے کہ ریسکیو 1122 ایمبولینس سروس ایک عالمی سطح کی سروس بن کر ابھرے اور سندھ کی تمام سرکاری ایمبولینسز اس سروس کا حصہ بنیں۔
انہوں نےکہا کہ بہت جلد سرکاری اسپتالوں سے تمام 768 ایمبولینسز واپس لےکر ریسکیو 1122 کے حوالے کردی جائیں گی۔
نگران وزیر صحت سندھ نے تجویز دی کہ مریضوں کو ایمبولینس سروسز کی مد میں باقاعدہ بل فراہم کیا جائے جس پر سروسز کے مکمل چارجز کے ساتھ “ حکومت سندھ کی جانب سے عطیہ “ بھی واضح لکھا ہو، جو بل بھرنے کی استطاعت رکھتا ہو وہ بل جمع کروا کر رسید حاصل کرلے جب کہ بل جمع نہ کروانے والوں کو کم از کم حکومت سندھ کی جانب سے ان پر خرچ ہونے والی رقم کا علم ہونا چاہیے۔