Time 15 ستمبر ، 2023
کھیل

ایشیاکپ میں پاک بھارت فائنل کا خواب ادھورا ہی رہ گیا، شائقین اداس

فوٹو: بشکریہ اسپورٹ 360
فوٹو: بشکریہ اسپورٹ 360

ایشیا کپ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد جیسے ہی پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوا وہیں ایک بار پھر ایشیا کپ میں پاک بھارت فائنل کا خواب ادھورا ہی رہ گیا۔ 

پہلے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت سری لنکا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا جس کے بعد گزشتہ روز کولمبو میں پاکستان اور سری لنکا کا میچ سیمی فائنل کی صورت اختیار کرگیا تھا،کیوں کہ یہ مقابلہ جیتنے والی ٹیم کو ہی ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا سامنا کرنا تھا۔

شائقین کرکٹ کو اُمید تھی کہ پاکستان سری لنکا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچے گا اور ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل ہوگا۔

ایشیا کپ کا پہلا ایڈیشن 1984 میں کھیلا گیا تھا، اس وقت سے اب تک ٹورنامنٹ کے 15 فائنل کھیلے جاچکے ہیں، پاکستان اور بھارت کا ایک بار بھی فائنل میں ٹاکرا نہیں ہوا۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

لیکن سری لنکن بیٹرز نے اس بار بھی شائقین کرکٹ کا خواب ادھورا ہی رہنے دیا اور پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں 2 وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان شائقین ہی نہیں بلکہ بھارتی کرکٹ ایکسپرٹ بھی ایشیا کپ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل کے انتظار میں تھے۔  

بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا اور ہرشا بھوگلے  نے سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ'ایک بار پھر پاک بھارت فائنل نہ ہوسکا'۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

سری لنکا نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 252 رنز کا ہدف آخری گیند پر پورا کیا۔

اب اتوار کو سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ کے فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔


مزید خبریں :