Time 05 اکتوبر ، 2023
کھیل

بی جے پی نے پاک بھارت ٹاکرے کا بول کر خواتین کو ورلڈکپ کے افتتاحی میچ کے ٹکٹ دیدیے

احمد آباد میں خواتین تماشائیوں نے بھارتی حکمران جماعت (بی جے پی) کی  سرکار اور بھارتی کرکٹ بورڈ کا پول کھول دیا۔

جمعرات کو آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ  کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں۔

ورلڈکپ کا افتتاحی میچ دیکھنے شائقین کی بہت کم تعداد اسٹیڈیم آئی، اور جو شائقین میچ دیکھنے بھی آئے تو ان کے ساتھ دھوکے کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی(بی  جے پی)  نے پاک بھارت ٹاکرے کا لارا لگاکر خواتین شائقین کو ورلڈکپ کے افتتاحی میچ کے ٹکٹ دے دیے۔

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ  کے دوران چند خواتین نے اسٹیڈیم کے باہر بھارتی میڈیا سے بات  کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں بی جے پی کی جانب سے میچ کا پاس دیا گیا ہے اس لیے ہم اسٹیڈیم آئے ہیں۔

خاتون تماشائی نے صحافی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاس دیتے وقت ہمیں کھانا دینے کا بھی کہا گیا تھا،اسٹیڈیم کے اندر جائیں گے تو پتہ چلے گا کہ کھانے کو کیا ملتا ہے۔

اسی دوران دوسری خاتون  نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آئے ہیں، تاہم صحافی نے فوراً مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ آج تو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا میچ ہے۔

یہ سن کر خاتون نے بولا کہ اچھا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا میچ ہے؟ پاکستان انڈیا کا نہیں ہے،  ہمیں تو پاکستان اور بھارت کے میچ کا بتایا گیا تھا اسی لیے ہم یہاں آئے ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو با آسانی 9 وکٹوں سے شکست دی۔

ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :