Time 16 اکتوبر ، 2023
کھیل

پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے اگلے میچ کیلئے احمد آباد سے بنگلورو پہنچ گئی

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے احمد آباد سے بنگلورو پہنچ گئی۔

بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا اگلا میچ بھارتی شہر بنگلورو میں کھیلے گا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان اب تک 3 میں سے 2 میچز جیت چکا ہے جبکہ پاکستان کا اگلا میچ آسٹریلیا کے خلاف 20 اکتوبر کو ہوگا۔

خیال رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری پاکستانی ٹیم 42 اعشاریہ 5 اوور میں 191 رن پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

جواب میں بھارت نے 192 رن کا ہدف 30 اعشاریہ 3 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر کرکٹ ایکسپرٹ بھی پھٹ پڑے اور ٹیم پاکستان کی پرفارمنس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کئی سوال اٹھا دیے تھے۔

میچ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا تھا کہ عام حالات میں ایسا یکطرفہ ماحول نہیں ہوتا لیکن میرا خیال ہے کہ ہم نے بطور ٹیم بھی بڑے میچ کے ساتھ انصاف نہیں کیا، ہمیں مزید جارح ہونے کی ضرورت تھی، ہم ایک موقع پر اچھا کھیل رہے تھے۔

مزید خبریں :