18 اکتوبر ، 2023
پاکستان کے نامور اداکار فیصل قریشی نے بالی وڈ میں کام نہ کرنے کی وجہ بالی وڈ کا پاکستان مخالف پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔
حال ہی میں اداکار فیصل قریشی فریحہ الطاف کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے ان سے بالی وڈ میں کام نہ کرنے کی وجہ پوچھی ؟
اس کے جواب میں اداکار نے بتایا کہ ’بالی وڈ سے میری بنتی نہیں ہے کیوں کہ میرے دل میں جو ہے میں اس کا اظہار کردیتا ہوں، میری اسی عادت کی وجہ سے میرے بھارتی مداح مجھ سے ناراض بھی ہوجاتے ہیں‘۔
فیصل قریشی نے کہا کہ اگر اس وقت کسی بھی اداکار کو بھارت میں اپنی فلم ہٹ کرنی ہے تو پاکستان کو گالی دینی ہوگی، شاہ رخ خان کی فلموں کو پاکستان میں ہر طرح سے سپورٹ ملا لیکن پھر شاہ رخ خان نے بھی وہی کیا‘۔
اداکار نے مزید کہا کہ ’بھارت میں فلمز ہٹ کرنے کیلئے پاکستان کو گندا کریں آپ آئی ایس آئی کو گندا کریں، یہی وہ چیزیں ہیں جن سے کوئی اداکار بھارت میں نام کما سکتا ہے لیکن یہ سب چیزیں دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے ‘۔
فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ ’جو سلوک بھارت میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہوا پاکستان میں ایسے کسی بھارتی کے ساتھ سلوک کا کوئی واقعہ نہیں ملےگا کیوں کہ پاکستانی گھر آنے والے کیلئے دل کھول دیتے ہیں‘۔