21 اکتوبر ، 2023
بھارت میں ایک شخص نے سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی اپنی گرل فرینڈ کو بھارت بلا کر قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گرپریت سنگھ نامی شخص سوئٹزرلینڈ میں لینا نامی خاتون سے ملا تھا جہاں دونوں کی دوستی ہوگئی جس کے بعد وہ اکثر بھارت سے سوئٹزرلینڈ لینا سے ملنے جایا کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق گرپریت کو اپنی گرل فرینڈ کا کسی اور سے تعلق ہونے پر شک ہوا جس پر اس نے لینا کو بھارت بلا کر قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
پولیس کا بتانا ہےکہ گرپریت کے کہنے پر لینا 11 اکتوبر کو بھارت پہنچی اور 5 دن بعد گرپریت نے لینا کے دونوں ہاتھ اور ٹانگوں کو باندھ کر قتل کردیا جس کے بعد اس نے لینا کی لاش کو ایک شاپنگ بیگ میں ڈال کر گاڑی میں ہی رکھا اور تعفن آنے پر لاش کو نئی دہلی کے علاقے تلک نگر میں ایک سرکاری اسکول کے قریب پھینک دیا۔
پولیس نے بتایا کہ لاش ملنے پر پولیس حرکت میں آئی اور اس نے کارروائی کرتے ہوئے گرپریت کو گرفتار کرلیا جس نے واردات کا اعتراف بھی کیا۔