28 اکتوبر ، 2023
پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ ہفتے سے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کرلیا۔
اعلامیے کے مطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی ذیلی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ ہفتے سے دیگر سیاسی جماعتوں سے روابط کے شیڈول کو حتمی شکل دی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں سیاسی جماعتوں سے روابط، ملکی سیاسی صورتحال اور سیاسی حکمتِ عملی کے مختلف پہلوؤں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پیپلزپارٹی کے قائدین کے لیول پلیئنگ فیلڈ اور پی ٹی آئی کی انتخابی عمل میں شمولیت کے بیانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کا پی ٹی آئی کی شمولیت کے بغیر انتخابات تسلیم نہ کرنے کا بیان درست سوچ کا عکاس ہے، آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کیلئے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔
تحریک انصاف کے مطابق لندن معاہدے کے تحت کسی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل سے باہر کرنے کے منفی اثرات ہوں گے، انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور بلاتاخیر انعقاد کیلئے ہر مثبت کردار کا خیرمقدم کریں گے۔