Time 29 اکتوبر ، 2023
دنیا

کینیڈا میں خالصتان کے قیام کیلئے اگلا مرحلہ آج شروع کیا جائے گا

کینیڈین حکومت نے خبردار کیا ہے کہ بھارت ہردیپ سنگھ نجر کے بعد مجھے بھی قتل کرنا چاہتا ہے: گرمیت سنگھ طور— فوٹو: فائل
کینیڈین حکومت نے خبردار کیا ہے کہ بھارت ہردیپ سنگھ نجر کے بعد مجھے بھی قتل کرنا چاہتا ہے: گرمیت سنگھ طور— فوٹو: فائل

خالصتان تحریک کے رہنما گرمیت سنگھ کا کہنا ہے کہ خالصتان کے قیام کیلئے اگلا مرحلہ کینیڈا میں آج سے شروع کیا جائے گا۔

گرمیت سنگھ کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، وینکوور میں گرونانک سنگھ سکھ گرودوارہ کے سامنے دیوہیکل بورڈ نصب کر کے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارت کے کینیڈا میں سفیر جے کرشن کی تصاویر بھی آویزاں کی گئیں ہیں۔

جیونیوز کے نمائندہ مرتضیٰ علی شاہ کو خصوصی انٹرویو میں بات چیت کرتے ہوئے خالصتان تحریک کے رہنما گرمیت سنگھ طور نے بتایا کہ کینیڈین حکومت نے انہیں خبردار کیا ہے کہ بھارت ہردیپ سنگھ نجر کے بعد انہیں بھی قتل کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جس روز ہردیپ سنگھ نجر کی شہادت ہوئی ہم تمام دن ساتھ تھے، ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد ان کی فیملی کو انصاف دلانے کیلئے کوشاں ہوں۔

گرمیت سنگھ طور کا کہنا تھا کہ بھارت کا خیال تھا کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد خالصتان کی تحریک دم توڑ جائے گی۔

خیال رہے کہ کینیڈین صوبے برٹش کولمبیا میں گرونانک سکھ گوردوارہ میں 29 اکتوبر کو خالصتان ریفرنڈم ووٹنگ میں ہزاروں سکھوں کی شرکت متوقع ہے۔

اسی گوردوارہ میں 18 جون کو بھارتی حکومت کے اہلکاروں نے ہردیپ سنگھ نجر کو درجنوں گولیاں مار کر قتل کردیا تھا اور کینیڈین وزیراعظم نے بھارتی حکومت پر ڈائریکٹ ہردیپ سنگھ اور دیگر رہنماؤں کو دھمکانے پر الزام لگایا تھا۔

اتوار کو سکھ ریکارڈ تعداد میں بھارت کے خلاف اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے فیصلہ سنائیں گے۔

کونسل آف خالصتان کے سربراہ ڈاکٹر بخشیش سنگھ سندھو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاکہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل نے تحریک خالصتان میں نئی روح پھونک دی ہے، کینیڈین وزیراعظم نے ہمارے خدشات کی تصدیق کردی ہے کہ بھارت سکھوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ پوری دنیا پر عیاں ہے کہ بھارت سکھوں کے قتل عام میں ملوث ہے، ہردیپ سنگھ نجر کے ریاستی قتل پر دنیا بھر کے سکھ غم و غصے سے دو چار ہیں، ہردیپ کو لگنے والی گولی ہر سکھ کو چھلنی کرگئی، یہ گولیاں بھارت کے تابوت میں آخری کیلیں ثابت ہوں گی۔

مزید خبریں :