Time 19 نومبر ، 2023
کھیل

حفیظ کو عہدے دینے پر آصف کی چیئرمین پی سی بی پر کڑی تنقید

جو شخص ستمبر میں پی سی بی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے مستعفی ہوا اسے نومبر میں دوبارہ عہدہ دیدیا: محمد آصف۔ فوٹو فائل
جو شخص ستمبر میں پی سی بی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے مستعفی ہوا اسے نومبر میں دوبارہ عہدہ دیدیا: محمد آصف۔ فوٹو فائل

سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد آصف نے سابق کپتان  اور کرکٹر محمد حفیظ کو  ٹیم ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ مقرر کرنے پر  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

  ورلڈکپ 2023 میں  پاکستان  ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پی سی بی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں سامنے آئیں جس کے تحت  پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے تمام کو چنگ اسٹاف کو عہدوں سے ہٹادیا اور سابق کپتان محمد حفیظ کو مکی آرتھر کی جگہ ٹیم ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔

دوسری جانب ذکا اشرف سے ملاقات کے بعد بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

بعد ازاں پی سی بی کی جانب سے شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم اور شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا جبکہ ون ڈے ٹیم کی کپتانی کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔

 واضح رہے کہ ستمبر میں محمد حفیظ ورلڈ کپ اسکواڈ کے اعلان سے ایک روز  پہلے ہی اپنی تجاویز پر عمل نہ ہونے پر پی سی بی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے مستعفی ہو گئے تھے۔

 جس پر تنقیدی سوال اٹھاتے ہوئے سابق کرکٹر محمد آصف نے ٹوئٹ کی کہ ’کسی نے ستمبر میں ٹیکنیکل کمیٹی سے استعفیٰ دیا اور اسے نومبر میں ڈائریکٹر کرکٹ اور ہیڈ کوچ کے طور پر واپس رکھ لیا گیا؟

محمد آصف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ موجودہ چیئرمین کے زیر اثر پی سی بی پر اعتبار صفر ہو گیا ہے اور بورڈ کے پاس معاملات چلانے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔


مزید خبریں :