16 جنوری ، 2013
کراچی…حکومت سندھ نے آئندہ دو ماہ کیلئے گندم کے سلسلے میں 68 کروڑ روپے کی سبسڈی دینے اورعوام کو ساڑھے چونتیس روپے کلو آٹا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس بات کا فیصلہ وزیر اعلیٰ ہاوٴس کراچی میں سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ خوراک کے اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں آٹے کی قیمت میں اضافے کے رجحان کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ منافع خوری، ذخیرہ اندوزی کی کسی قیمت پراجازت نہیں دی جائے گی۔ سید قائم علی شاہ نے مزید کہا کہ صوبے میں آٹے کی قیمت پر کنٹرول کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ خوراک سندھ فلور ملوں کو گندم سبسڈائیزڈ قیمت پر فراہم کرے گا اورآٹے کی ایکس مل قیمت 33روپیہ فی کلو ہوگی، جبکہ عوام کو آٹا 34.50روپے فی کلو بیچا جائے گا۔